مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ تہران میں شہید اسماعیل ہنیہ پر قاتلانہ حملے کے بعد ایران کی جانب سے صہیونی حکومت کے خلاف جوابی کاروائی عالمی سطح پر بڑا موضوع بن گیا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق صہیونی حکام کو یقین ہوگیا ہے کہ ایران تل ابیب پر ہر حال میں حملہ کرے گا جوکہ وسیع پیمانے پر ہوگا۔
صہیونی تحقیقاتی مرکز آلما نے اس حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران اسرائیل کے خلاف وسیع حملہ کرے گا۔
ایکس پر ایک بیان میں مرکز نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملے میں ایرانی میزائل استعمال ہوں گے جبکہ حزب اللہ سمیت خطے کی مقاومتی تنظیمیں بھی کاروائی میں حصہ لیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران اسرائیل کے مختلف حصوں پر کروز اور بلیسٹک میزائل داغے گا جبکہ ڈرون طیارے بھی استعمال ہوسکتے ہیں۔ اس مرتبہ صہیونی حکومت کے خلاف جوابی کاروائی میں ایرانی آرمی اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی دونوں شریک ہوں گی۔
تحقیقاتی ادارے نے کہا کہ اس مرتبہ ہونے والے جوابی حملہ 14 اپریل کے ایرانی حملے سے کئی گنا زیادہ شدید ہوگا جو دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کے بعد ایران نے جوابی اقدام کے طور پر کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ